نئی دہلی، 25؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) محکمہ صحت کے تازہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ دہلی میں جمعہ کو 180 نئے معاملے درج کیے گئے جو گزشتہ 6 مہینوں میں سب سے زیادہ ہیں۔ حالانکہ اس درمیان کوئی موت نہیں ہوئی ہے جو اچھی خبر ہے۔ 16 جون کے بعد ایک دن میں سب سے زیادہ معاملے درج کیے گئے ہیں۔ اسی کے ساتھ راجدھانی میں کورونا کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 42 ہزار 813 ہو گئی ہے جب کہ سرگرم معاملوں کی تعداد بھی 782 ہو گئی ہے جو گزشتہ ساڑھے پانچ مہینوں میں سب سے زیادہ ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق شہر میں 10 جولائی کو سب سے زیادہ 792 سرگرم کووڈ معاملے درج کیے گئے تھے۔
چونکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے کوئی موت نہیں ہوئی ہے اس لیے مہلوکین کی مجموعی تعداد 25 ہزار 103 پر برقرار ہے۔ اس درمیان کووڈ انفیکشن پازیٹویٹی شرح بھی 0.29 فیصد ہو گئی ہے جو شہر میں 15 جون کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 82 مریضوں کے ٹھیک ہونے کے ساتھ صحت مند ہونے والوں کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 16 ہزار 928 ہو گئی ہے۔ اس وقت مجموعی طور پر 375 کووڈ مریضوں کا ہوم آئسولیشن میں علاج چل رہا ہے۔
98.20 فیصد کووڈ ریکوری شرح کے ساتھ سرگرم کووڈ معاملوں کی شرح 0.05 فیصد ہو گئی ہے اور شرح اموات 1.74 فیصد ہے۔ کووڈ کینٹنمنٹ زون کی کل تعداد بڑھ کر 207 ہو گئی ہے۔ اس درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 62 ہزار 697 نئے ٹیسٹ ہوئے جن میں سے 57 ہزار 583 آر ٹی-پی سی آر اور 5 ہزار 114 ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کیے گئے جس سے ٹیسٹ کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 22 لاکھ 89 ہزار ہو گئی ہے۔